کوڑے کے ڈھیر ، علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کا نظام ابتر
امپیریل گروپ صفائی ستھرائی کا ذمہ دار ،مسئلہ ہے تو انہیں شکایت کریں:ٹی ایم او
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کا نظام ابتر، ستھرا پنجاب پروگرام پر سوالات اٹھنے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل بھر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، بروقت کوڑا اٹھانے میں مبینہ غفلت اور ناقص صفائی کے باعث تعفن پھیل رہا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹی ایم او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکار وزیرآباد دفتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور تاحال علی پورچٹھہ کی صفائی کی مجموعی صورتحال کا مؤثر جائزہ نہیں لیا گیا۔ گنجان آباد علاقوں میں کوڑا کر کٹ کھلے پلاٹس میں پھینکا جا رہا ہے۔
شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے فوری نوٹس لینے ، علی پورچٹھہ میں صفائی کے نظام کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لینے اور غفلت کے ذمہ دار افسر وں و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹی ایم او عادل سکندر نے رابطہ کرنے پر موقف دیا کہ ہم نے امپیریل گروپ کو ٹھیکہ دے دیا ہے صفائی ستھرائی کرنا ان کا کام ہے ، اگر کسی شہری کو مسئلہ ہو تو وہ امپیریل گروپ سے رابطہ کرے مجھے شکایت کرنے کا کوئی مقصد نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments