جشنِ عید میلاد النبی ؐ پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے گیپکو کی خصوصی ٹیمیں تشکیل
فیلڈ سٹاف، جدید آلات سے لیس گاڑیاں ہمہ وقت تیار ، ہنگامی صورتحال میں بجلی کی فراہمی کو کم سے کم وقت میں بحال کیا جا سکے گا،ریجن بھر کے کمپلینٹ سنٹرز فعال رہیں گے
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ جشنِ عید میلاد النبی ؐکے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر گیپکو ریجن کے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں، ریجن بھر کے سب ڈویژنل دفاتر میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو عید میلاد النبیؐ کی تعطیل کے دوران پوری ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ محسنِ انسانیت حضرت محمد ؐکے یومِ ولادتِ باسعادت کے موقع پر گیپکو کا فیلڈ سٹاف، جدید آلات اور مکمل سازوسامان سے لیس گاڑیاں ہمہ وقت تیار رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بجلی کی فراہمی کو کم سے کم وقت میں بحال کیا جا سکے ، ریجن بھر کے کمپلینٹ سنٹرز معمول کے مطابق فعال رہیں گے جبکہ ایمرجنسی سکواڈز کے افسر و ملازمین 24 گھنٹے دستیاب رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی تنصیبات، تاروں اور کنکشنز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے اور چراغاں کیلئے محفوظ اور معیاری برقی آلات کا استعمال کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments