ٹیچرز یونین کا سکولوں میں اساتذہ کمی دور کرنے کا مطالبہ
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ظہیر عباس بھٹی سے وفد کی ملاقات
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے صوبائی نائب صدر طارق قریشی کی قیادت میں پیٹا کے چیئرمین احسان گورایہ، اصغر جاوید پھلروان، ہیڈماسٹر ایسوسی ایشن کے ضلعی نائب صدر مزمل حفیظ، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد افضل جنجوعہ اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد اعجاز بٹ و دیگر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ظہیر عباس بھٹی کے ساتھ ملاقات کی ، اس دوران وفد نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی اور اس کے باعث پیدا ہونیوالے تدریسی و انتظامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے موقف اختیار کیا کہ مختلف سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے باعث طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ موجودہ اساتذہ پر اضافی تدریسی بوجھ بھی بڑھ رہا ہے ۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی کے منتظر اساتذہ کے پروموشن کیسز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ تدریسی نظام مزید بہتر بنایا جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ظہیر عباس بھٹی نے وفد کے تحفظات سنے اور کہا کہ جونہی خواتین ونگ اور مردانہ ایلیمنٹری ونگ سے سنیارٹی لسٹیں مل جاتی ہیں ہم پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلا لیں گے ، ملاقات میں اساتذہ کے مسائل کے حل اور سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments