علی پورچٹھہ:ڈمپرز کے با عث ٹریفک حادثات میں اضافہ
ویگن کیساتھ خوفناک تصادم ،3افراد زخمی ،ریسکیو 1122 نے ہسپتال پہنچا دیا
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)ڈمپر اور ویگن میں خوفناک تصادم سے 3 مسافر زخمی ہوگئے ، ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔گوجرانوالہ روڈ پر تیز رفتار ڈمپر سامنے سے آنے والی ویگن سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار 3 مسافر زخمی ہوئے ۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا۔قابل ذکر امر یہ ہے کہ گزشتہ روز بھی کوٹ ہرا چوک میں تیز رفتار ڈمپر نے کار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے تھے ۔ مسلسل دوسرے روز بھاری گاڑی کے حادثے نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرشام علی پورچٹھہ کی اکلوتی سنگل سڑک پر بھاری ڈمپرز کی بھرمار ہوجاتی ہے جس کے باعث موٹر سائیکل سواروں، مسافر گاڑیوں اور دیگر ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ شہریوں کے مطابق تنگ اور مصروف سڑک پر بھاری ڈمپرز کی تیز رفتاری کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی مرکزی سڑک پر بھاری ڈمپرز کی آمدورفت، رفتار اور اوقات کار کو منظم کیا جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئے روز ہونے والے حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments