سینٹر لائزڈایمزجنسی سروسز کے قیام کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت
مرکزی نظام کے تحت مددگار15 کو پورے سندھ کے لیے جدید اور مربوط ایمرجنسی رسپانس سسٹم سے منسلک کیا جا سکتا ہے سروسز کے ڈیٹا کو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے منسلک کرنے سے ایمرجنسی صورتحال کی بہتر نگرانی میں مدد ملے گی،آئی جی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سندھ پولیس کی مختلف ایمرجنسی سروسز کو صوبائی سطح پر ایک مرکزی نظام کے تحت منظم کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ڈی آئی جیز سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول، ہیڈکوارٹرز اور آئی ٹی، ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی، ٹی اینڈ ٹی، ایس ایس پی ایس ایس یو، ایس پی مددگار15 کراچی، اے آئی جی ایڈمن اور پی ڈی آئی ٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں پی ڈی آئی ٹی کی جانب سے سندھ پولیس کی مختلف ایمرجنسی سروسز، ان کے موجودہ ڈھانچے ، طریقہ کار، رسپانس اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں مختلف نوعیت کی ایمرجنسی سروسز کے لیے متعدد ایمرجنسی نمبرز اور مختلف سرکاری ادارے کام کر رہے ہیں۔بریفنگ میں کہا گیا کہ جدید اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے تمام سرکاری ایمرجنسی سروسز کو ایک مرکزی نمبر اور مربوط نظام کے تحت یکجا کرنے کی ضرورت ہے ، مرکزی نظام کے تحت مددگار-15 کو پورے سندھ کے لیے ایک جدید اور مربوط ایمرجنسی رسپانس سسٹم سے منسلک کیا جا سکتا ہے ، مجوزہ نظام کے ذریعے شہریوں کی ایمرجنسی کالز فوری طور پر متعلقہ ضلعی پولیس، ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ اداروں تک منتقل کی جا سکیں گی۔
ایمرجنسی کال سے لے کر کارروائی مکمل ہونے تک پورے عمل کا ڈیجیٹل ریکارڈ دستیاب ہوگا۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ سینٹرلائزڈ ایمرجنسی سروسز کے قیام کے لیے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے ، کمیٹی صوبے میں موجود تمام ایمرجنسی سروسز اور ان کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لے کر مجوزہ نظام کے قیام، قابل عمل ہونے ، انضمام، متوقع اخراجات اور دیگر متعلقہ امور پر مشتمل جامع رپورٹ پیش کرے گی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سینٹرلائزڈ ایمرجنسی سروسز کے ذریعے شہریوں کو تیز رفتار اور مربوط ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں گی، ایمرجنسی سروسز کے ڈیٹا کو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے منسلک کرنے سے ایمرجنسی صورتحال کی بہتر نگرانی اور فوری فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ نظام کے لیے مناسب افرادی قوت، جدید تکنیکی وسائل اور ضروری انفراسٹرکچر کا بھی تعین کیا جائے ، مرکزی نظام سے ایمرجنسی صورتحال میں مختلف سرکاری اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور مؤثر کوآرڈی نیشن ممکن ہو سکے گا اور دیہی و شہری علاقوں اور ہائی ویز پر ایمرجنسی کالز پر فوری رسپانس کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments