واٹر ٹینکر کی ٹکر سے باپ جاں بحق،بیٹا شدید زخمی
ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ، مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی متوفی محفوظ علی اور زخمی قاسم کورنگی صنعتی ایریا میں ملازمت کے لیے جارہے تھے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی سنگر چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار باپ جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ رواں سال ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 687 ہو گئی۔متوفی کی شناخت 50 سالہ سید محفوظ علی جبکہ زخمی کی 25 سالہ سید قاسم محفوظ کے نام سے ہوئی ،لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈی ایس پی لانڈھی احسان اللہ جٹ کے مطابق حادثہ صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا سنگر چورنگی کے قریب متاثرہ افراد کی موٹر سائیکل دوسری موٹر سائیکل سے اور سلپ ہوکر برابر سے گزرنے والے تیز رفتار واٹر ٹینکر کے نیچے چلی گئی ،حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
جبکہ مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی تاہم علاقائی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل شہریوں کو منتشر کرکے فائر بریگیڈ کی مدد سے واٹر ٹینکر میں لگنے والی آگ کو بجھوادیا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی نوجوان لانڈھی بھینس کالونی کے رہائشی اور کورنگی صنعتی ایریا میں ملازمت کے لیے جارہے تھے ۔ ریسکیو ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 687 ہو گئی۔صرف ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں 209 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جس میں ڈمپر کی ٹکر سے 14، ٹریلر سے 96، واٹر ٹینکر سے 50، ٹرک سے 20 اور بسوں کی ٹکر سے 29 افراد جاں بحق ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments