عدم تحفظ سے ڈاکٹر بیرون ملک منتقل ہو رہے :ڈاکٹر زاہد

عدم تحفظ سے ڈاکٹر بیرون ملک منتقل ہو رہے :ڈاکٹر زاہد

ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) صدر پرائیویٹ ہاسپٹل ایسوسی ایشن ڈاکٹرمیاں زاہد محمود نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کے خلاف تشدد کے واقعات میں دن بدن اضافہ انتہائی تشویشناک ہے ، افسوسناک امر یہ ہے کہ اب خواتین ڈاکٹرز بھی ان واقعات سے محفوظ نہیں رہیں، ڈاکٹرز جو اپنی جان اور سکون کی پروا کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں، خود عدم تحفظ کا شکار ہیں۔حکومت اور متعلقہ حکام کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈاکٹر کمیونٹی کو محفوظ ماحول فراہم کریں اور طبی عملے پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کریں۔ اس صورتحال کے باعث ڈاکٹر کمیونٹی میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔

میری ڈاکٹر کمیونٹی کی تمام نمائندہ تنظیموں سے پُرزور اپیل ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر متحد ہو کر بھرپور آواز بلند کریں، متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں اور ہر ممکن قانونی و اخلاقی معاونت فراہم کریں ، ڈاکٹر سکیورٹی بل کو پارلیمنٹ سے جلد از جلد منظور کروایا جائے تاکہ طبی عملے کو دورانِ ڈیوٹی مؤثر قانونی تحفظ حاصل ہو سکے ۔ملک میں ڈاکٹرز کی بڑی تعداد عدم تحفظ اور نامساعد حالات کے باعث بیرونِ ملک منتقل ہونے پر مجبور ہو رہی ہے جس سے پاکستان کا قیمتی انسانی سرمایہ ضائع ہو رہا ہے اور برین ڈرین میں اضافہ ہو رہا ہے ،اگر اس صورتحال کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو ڈاکٹر کمیونٹی میں مایوسی مزید بڑھے گی اور خدشہ ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ جائیں جہاں ڈاکٹرز احتجاجاً اپنی ڈیوٹیاں انجام دینے سے بھی گریز کرنے پر مجبور ہو جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...