گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس میں آئی پی او پاکستان ڈیسک قائم
ٹریڈ مارک اور برانڈ کی منظوری کا عمل تیز کر دیا گیا :ڈائریکٹر جنرل نعمان اسلم شیخ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر،نیوز رپورٹر)انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نعمان اسلم شیخ نے ڈائریکٹر لاہور معید رانا اور ٹیم کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر میں قائم آئی پی او پاکستان ڈیسک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبران، صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس، برانڈ پروٹیکشن اور اختراعات کے تحفظ کے موضوع پر آگاہی سیشن بھی منعقد ہوا۔ تقریب میں صدر چیمبر شیخ غلام حسین جج، سینئر نائب صدر ارشد مغل، نائب صدر رانا فرحان اصغر، سابق صدر میاں عمرسلیم، سابقہ چیئرمین جی ڈے اے عامر رحمن، سابق نائب صدروایگز یکٹو ممبر وقاص افضل مغل بھی موجود تھے۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نعمان اسلم شیخ نے کہا کہ گوجرانوالہ کی تجارتی و صنعتی اہمیت کے پیش نظر چیمبر میں قائم کیا گیا کاؤنٹر تاجروں کیلئے اہم ثابت ہوگا جہاں آئی پی او کا افسر مستقل بنیادوں پر موجود رہ کر اراکین کو مقامی سطح پر تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ سے ٹریڈ مارک اور برانڈ کی منظوری کا عمل تیز کر دیا گیا ، ماضی میں زیرالتوا 30ہزار سے زائد درخواستیں نمٹا کرگزشتہ سال ان کی تعداد اب 2500تک رہ گئی ہے جبکہ رجسٹریشن کا دورانیہ 2 سال سے کم کر کے بین الاقوامی معیار کے مطابق 8 ماہ کر دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments