پنجاب بینک کی نووا کیئر ہسپتال کیلئے 17ارب کی فنانسنگ

پنجاب بینک کی نووا کیئر ہسپتال کیلئے 17ارب کی فنانسنگ

اسلام آباد میں 250بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر میں معاونت کیلئے نئی مثال

لاہور(سٹاف رپورٹر)دی بینک آف پنجاب نے نوواکیئر ہاسپٹلز (پرائیویٹ)لمیٹڈ کیلئے 17 ارب روپے کی اسلامی پراجیکٹ فنانسنگ سہولت کی مالی تکمیل کا سنگِ میل عبور کر لیا ۔ اس سلسلے میں دستخطی تقریب میں منصوبے کے سپانسرز، انتظامیہ اور شریک مالیاتی اداروں نے شرکت کی۔یہ فنانسنگ اسلام آباد میں 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور اس سے منسلک فیڈر کلینک کی تعمیر کیلئے فراہم کی جائے گی۔ نوواکیئر پاکستان کا پہلا اور واحد ہسپتال ہے جسے امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ سے وابستگی حاصل ہے ۔ منصوبے میں سپانسرز کی جانب سے 11.5ارب روپے کی ایکویٹی سرمایہ کاری کیساتھ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 28.5 ارب روپے ہے ۔یہ پاکستان میں نئے سرے سے تعمیر ہونیوالے ہسپتال کیلئے سنڈیکیٹڈ اسلامی پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت فراہم کردہ پہلی سہولت ہے جو صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے طویل مدتی مالی وسائل کی فراہمی میں نئی مثال ہے ۔ پنجاب بینک نے اس سہولت کی تشکیل اور انتظام میں انٹر کریڈیٹر ایجنٹ کا کردار ادا کیا جبکہ یونائیٹڈ بینک اور حبیب بینک کیساتھ مشترکہ جوائنٹ مینڈیٹڈ لیڈ ایڈوائزر اینڈ ارینجر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی نے شریک ارینجر کی حیثیت سے حصہ لیا جبکہ پیئر انویسٹمنٹ کمپنی اور پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی نے سنڈیکیٹ کے مالیاتی اداروں کے طور پر فنانسنگ میں شرکت کی۔ پنجاب بینک کے صدر وسی ای او چیف ظفر مسعود نے تقریب سے خطاب کرتے کہاصحت کی سہولیات فراہمی کیلئے نووا کیئر ہمارے لیے محض فنانسنگ ٹرانزیکشن سے کہیں بڑھ کر ہے ۔ یہ اُن لوگوں کی دیکھ بھال کیلئے سرمایہ کاری ہے جنہیں یہ ہسپتال طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ آخرمیں نووا کیئر ہاسپٹلز (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہانس کیڈزِیئر سکی نے بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہمی کیلئے نووا کیئر کے عزم کو اجاگر کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...