تخلیقی معیشت کیلئے لاہور چیمبر سے ملکر کام کرینگے :وفاقی وزیر

تخلیقی معیشت کیلئے لاہور چیمبر سے ملکر کام کرینگے :وفاقی وزیر

2026-27کیلئے ایس سی او کے سیاحتی و ثقافتی لاہور میں 4 بڑے پروگرام ہونگے

لاہور( کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ تخلیقی معیشت کے فروغ کے لیے وزار ت قومی ورثہ و ثقافت اور لاہور چیمبر مل کر کام کریں گے ۔ وہ لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی ، نائب صدر چودھری خادم اور وفاقی سیکریٹری اسد رحمن گیلانی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ہما جنید، چودھری فرغام، عامر عطا باری، شہزاد محمود، نائلہ ندیم، اعجاز غوری ، عاطف امین، شاہ بہرام اور دیگر بھی موجود تھے ۔اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے ، روایتی فنون اور دستکاریوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کی مفاہمتی یادداشتوں کی تعداد ایک سال میں 23 سے بڑھ کر 40 ہو گئی ہے ، جبکہ پاکستان کے 6 مقامات یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی مستقل فہرست میں شامل ہیں ۔ پاکستان کو اپنے تاریخی ورثے کی عالمی سطح پر شناخت بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال 2 تاریخی مقامات کو یونیسکو کی مستقل عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے پیشرفت ہوئی ہے۔ لاہور کو 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کا سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت قرار دیا گیا ہے ، جسکے تحت لاہور میں 3 سے 4 بڑے ثقافتی پروگرام ہونگے جبکہ کراچی، اسلام آباد اور SCO کے رکن ممالک کی ثقافتی شرکت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...