51شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے :وزیر بلدیات

51شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے :وزیر بلدیات

ڈرینز اور زیر زمین ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی :میاں ذیشان رفیق

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے کے 51 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ پروگرام کا مقصد شہری علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنانا، سیوریج کے مسائل حل کرنا اور بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے کانفرنس روم میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منصوبوں کی موجودہ صورت حال، تعمیراتی کام کی رفتار اور مقررہ اہداف کے حصول سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ڈرینز اور زیر زمین ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ، جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 سیور لائنز اور 115 ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام ‘‘مریم نواز کا سوہنا پنجاب’’ کے اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں گے ۔ شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر شہری ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔میاں ذیشان رفیق نے مزید بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 35 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر جاری ہے ، جبکہ اگلے مرحلے میں سیوریج نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سیور لائنز اور ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...