دھان خریداری میں شدید مندی‘قیمت 500روپے گرگئی
مونجی کے خریدار مارکیٹ سے غائب، آڑھتی اونے پونے ادھار پر خریداری کرنے لگے
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )دھان کی خریداری میں چند روز سے شدید مندی کا رجحان پیدا ہو گیا ،کاشتکار طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔مارکیٹ میں دھان کی خریداری میں سست روی سے قیمتوں میں 500روپے سے زائد کی کمی واقع ہو گئی لیکن اس کے باوجود کوئی خریدار نہیں ،کاشتکار فصل کے سیمپل لیکر مارے مارے پھر ر ہے ہیں لیکن دھان فروخت نہیں ہو رہی ، موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آڑھتی کا شتکاروں سے اونے پونے داموں دھان خرید رہے ہیں اور نقد ادائیگی بھی نہیں کر ر ہے ، کاشتکاروں نے گندم بھی کاشت کرنا ہے جس کیلئے کھاد ، بیج اور دیگر اخراجات کیلئے رقم کی ضرورت ہے ۔دوسری طرف چاول کے کاروبار سے منسلک تاجروں کا کہنا ہے کہ چاول کی مارکیٹ میں مندی سے دھان کی خریداری سست ہو گئی ہے کیونکہ تیار چاول کی خریداری کم ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دھان کی خریداری میں منفی رجحان سے جہاں کاشتکار کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہاں ملکی معیشت پر بھی اس عمل کے منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments