دھان کی فصل، کم پیداوار اور قیمتوں میں کمی، کاشتکار پریشان
مسلسل دو فصلوں میں معاشی نقصان کے باعث زمیندار طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) دھان کی فصل کی پیداوار اور قیمتوں میں کمی کے باعث کاشتکار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے ، چھ ماہ قبل حکومت کی جانب سے گندم کی سرکاری خریداری نہ ہونے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کے کم نرخوں کے باعث پریشان کاشتکاروں نے اپنی تمام امیدیں دھان کی فصل سے وابستہ کر رکھی تھیں، تاہم دھان کی انتہائی کم پیداوار اور مناسب قیمت نہ ملنے سے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے زراعت سے منسلک مزدور، آڑھتی، ڈیلرز اور دیگر کاروباری افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی اور فصلوں میں خسارے نے دیہی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے ۔مقامی غلہ منڈیوں میں دھان کی آمد سے کاروباری سرگرمیوں میں جزوی رونق تو بحال ہوئی ہے ، تاہم فصل کی کم پیداوار کے باعث آڑھتیوں اور ڈیلرز کی جانب سے کروڑوں روپے کی پیشگی رقوم کی واپسی بھی مشکل ہو گئی ہے ۔ فصلوں پر آنے والے اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث ٹھیکے پر زمین حاصل کرکے کاشتکاری کرنے والے کسان بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ کاشتکاروں کے لیے 30 ہزار روپے فی ایکڑ بلا سود قرضے کی سہولت بھی کسانوں کو مطمئن نہیں کر سکی۔کاشتکاروں اور زراعت سے وابستہ حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کو درپیش معاشی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے ، فصلوں کے مناسب نرخ مقرر کیے جائیں اور کاشتکاروں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments