تمباکو پر ٹیکس بڑھانے کیلئے پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز
نوجوان اور بچے وزیراعظم کے نام اپنے تصویری پیغامات بھجوائیں گے
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) پاکستان میں پہلی بار پوسٹ کارڈ کمپین کے ذریعے نوجوان نسل کو تمباکو سے بچائو کی ترغیب دینے اور حکومت کو تمباکو کمپنیوں پر اضافی ٹیکس لگانے کی کوشش کا آغاز کر دیا گیا، کرومیٹک ٹرسٹ کی جانب سے ایک ماہ کی لمبی کمپین میں نوجوان اور بچے وزیراعظم کے نام اپنے تصویری پیغامات بھجوائیں گے ،سی ٹی ایف کے کے بینر تلے کرومیٹک، سپارک اور پناہ نے پریس کانفرنس کے دوران مقابلے کا باقاعدہ آغاز کیا، سیکرٹری جنرل ثنا اللہ گھمن نے کہا کہ بچے ہمارا سرمایہ اور مستقبل ہیں، ہم کسی کو بھی اس مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ،پروگرام منیجر کرومیٹک سلمان فاروق نے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا کہ کس طرح تمباکو کمپنیاں اپنی بھرپور ایڈورٹائزنگ سے ہر روز بارہ سو بچوں کو تمباکو نوشی پر لگاتی ہیں،اس موقع پر کرومیٹک ٹرسٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شارق محمود خان ،پاکستان میں سی ٹی ایف کے کے فوکل پرسن عمران احمد ملک ،ڈیجیٹل انفلوئنسر عمران علی ڈینا ،سپارک کے پروگرام منیجر خلیل احمد ڈوگر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔