ڈیوٹی میں دلچسپی نہ لینے والا افسر محکمے کا حصہ نہیں رہیگا: آئی جی اسلام آباد، جرائم خاتمہ کیلئے 7 روزہ مہم کی ہدایت

ڈیوٹی میں دلچسپی نہ لینے والا افسر محکمے کا حصہ نہیں رہیگا: آئی جی اسلام آباد، جرائم خاتمہ کیلئے 7 روزہ مہم کی ہدایت

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام پولیس سٹیشنز کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی جرائم کے خاتمہ کیلئے 7 روزہ خصوصی مہم شروع کی جائے۔

 انہوں نے کہا پولیس افسران جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کرینگے، منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ وردی پہن کر جو حلف اٹھایا تھا اس کی پاسداری کریں، اگر کوئی پولیس افسر ڈیوٹی میں دلچسپی نہیں لے رہا تو وہ محکمے کا حصہ نہیں رہے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ پولیس افسروں کے اجلاس میں کیا، انہوں نے کہا آپ سب میرے لئے عزیز ہیں،ایک ایک جوان میرا غرور ہے، ہم مل کر 24/7عوام کی خدمت کریں گے۔ آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں میٹنگ میں جاری پراجیکٹس جلد مکمل کرنے، شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے احکامات دیئے اور کہا تھانوں میں سائلین کی فوری دادرسی کی جائے ۔ آئی جی نے مختلف ناکوں کا دورہ کیا، انہوں نے کہا دوران ڈیوٹی حفاظتی کٹ ضرور پہنیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ایس او پیز مکمل ، سکیورٹی کیمرے نصب، بنیادی سہولیت فرام کی جائیں۔ آئی جی علی ناصر رضوی نے سیف سٹی کا دورہ کیا، مختلف شعبوں کا معائنہ اور بریفنگ لی،انہوں نے کہا ورچوئل پولیس سٹیشن کا قیام اور خواتین کے تحفظ کیلئے ویمن سیفٹی ایپ لانچ کی جائے گی۔ سیف سٹی میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیمروں کی تعداد بڑھائی، ڈیٹا پروٹیکشن یقینی اور سائبر کرائم ونگ کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں