پولیس مقابلے میں مارے گئے ٹک ٹاکر کے اغواکار نکلے

پولیس مقابلے میں مارے گئے ٹک ٹاکر کے اغواکار نکلے

راولپنڈی (خبرنگار) تھانہ روات کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران مارے گئے دونوں افراد کی شناخت ہو گئی، کاروباری شخصیت و ٹک ٹاکر محمد اسماعیل کے اغواء برائے تاوان کی واردات کے مرکزی ملزمان نکلے۔

ان کے تین ساتھی پہلے پولیس مقابلہ میں مارے جا چکے ہیں۔ ملزمان سابق بین الصوبائی کار لفٹر گینگ بلال ثابت کے ساتھی اور اغواء برائے تاوان کا بین الصوبائی پیائو گینگ چلاتے تھے، ملزمان اسلام آباد، کوہاٹ راولپنڈی اور دیگر شہروں سے کاروباری شخصیات کو تاوان کیلئے اغواء کرتے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سب انسپکٹر شفاقت کی سربراہی میں پولیس پیٹرولنگ ٹیم پر مشکوک افراد نے روکنے پر فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد موقع سے دو افراد کی نعشیں ملیں جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، پولیس شواہد کی روشنی میں ان کی شناخت انمارواللہ اور پیاؤ الدین کے نام سے ہوئی، یہ پیائو گینگ کا حصہ تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق انمار و اللہ کی نعش لواحقین نے وصول کر لی ، گینگ سربراہ کی نعش وصول کرنے کوئی نہیں آیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں