پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ،اتائیوں کے 675اڈے بند

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ،اتائیوں کے 675اڈے بند

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبہ بھر میں اتائیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جعلی ایلوپیتھک پریکٹیشنر کے ایک بڑے سیٹ اپ کو بھی بند کر دیا جو کہ خود کومتعدد امراض کے ماہرگردانتا اوراس کے پاس جعلی ڈگریوں کی بہتات تھی۔

تفصیل کے مطابق کمیشن کے شعبہ انسداد ِاتائیت کی انفورسمنٹ ٹیم نے نسبت روڈ پرواقع میڈیکل سنٹر/سکن کیئر کلینک پر چھاپہ مارا جسے تنویر اشرف چودھری چلا رہا تھا ، جس نے جھوٹادعویٰ کیا کہ وہ کنسلٹنٹ میڈیکل سپیشلسٹ، ایم ڈی (انٹرنل میڈیسن)، نیوٹریشنسٹ وغیرہ اور عالمی ادارہ صحت سمیت غیر ملکی کام کا تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف پیشہ ورانہ طبی اداروں کا رکن ہے ۔وہ سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر بھی اپنے غیر قانونی کام کو فروغ دیتے پایا گیا ۔ پی ایچ سی کی ٹیم نے مرکز کو سیل کر دیااور جعلی پریکٹیشنر کے خلاف مزید کارروائی بھی شروع کر دی گئی ۔ مزید برآں گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران کمیشن نے اتائیت کے مزید 675 مراکز بند کر دئیے جبکہ صرف ضلع لاہور میں 146 سنٹرزبند کئے گئے۔ ساہیوال 59، پاکپتن 46، قصور 44، راولپنڈی 43 اور فیصل آباد میں 38 مراکز بند کئے گئے ۔اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی متفرق کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں