دو سو یونٹس کا ریلیف عوام کیسا تھ دھوکا ، پاکستان عوامی تحریک
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا ہے کہ دو سو یونٹس کا ریلیف عوام کے ساتھ دھوکا اور فراڈ ہے، وہ کونسا گھر ہے جس میں شدت کی گر می میں 2سو یونٹ خرچ ہوتے ہیں ۔۔
موجودہ سخت ترین گرمی میں چھوٹے سے چھوٹے گھر میں بھی دو سو سے زائد یونٹ خرچ ہوتے ہیں، غریب عوام کو آٹا، دالیں، چاول، چینی، گھی اور روزمرہ کی اشیا پر ریلیف دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ آٹے، چینی، چاول، دودھ، دہی جیسی ضروری اشیا پر ٹیکس لگانا ظلم ہے، صدر عوامی تحریک راولپنڈی غلام علی خان نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی نے لوگوں کو فاقوں پر مجبور کر دیا ہے، بیرونی قر ضے حکمران طبقے، اشرافیہ کی عیاشیوں پر لگ جاتے ہیں جبکہ سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ ذاتی تشہیر بند کریں اور عوام کو بیوقوف نہ بنائیں۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی وسطی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔