طارق فضل ، خرم شہزاد،انجم عقیل کی چیئر مین سی ڈی اے سے ملاقات
اسلام آ باد (خصوصی رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے اسلام آباد کے اراکین پارلیمنٹ نے ملاقات کی جن میں طارق فضل چودھری ، راجہ خرم شہزاد نواز اور انجم عقیل خان شامل تھے ۔
ملاقات میں اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں،شہریوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین نے اسلام آباد کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مؤثر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اراکین پارلیمنٹ نے اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور شہریوں کی فلاح کے لئے سی ڈی اے کی جانب سے مختلف اقدامات کی حمایت کی یقین دہا نی کرا ئی اور اپنی تجاویز بھی پیش کیں ، ڈی جی ورکس سی ڈی اے کو منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ۔ ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے مزید روٹس چلانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر وقت اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیم پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں لہتراڑ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔