ہمارے تعلیمی نظام کو ٹیم ورک پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، احسن اقبال
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر ئے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے تعلیمی نظام کو ٹیم ورک، تعاون اور اجتماعی کامیابیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، بڑھتی ہوئی آبادی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے 10 لاکھ نئے اساتذہ کی ضرورت ہوگی۔
عالمی معیار کے تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں تاکہ 21ویں صدی کی تعلیمی ضروریات کے مطابق ہم آہنگی پیدا کی جا سکے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اساتذہ کے تربیتی انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلینس ان ٹیچر ایجوکیشن اور لمز سکول آف ایجوکیشن کے اشتراک سے جاری اساتذہ کے تربیتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں 18 لاکھ اساتذہ کو جدید چیلنجز کے لئے تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ احسن اقبال نے ہیڈ ماسٹر اور ہیڈ مسٹریس کے لیے لازمی سرٹیفیکیشنز کی ضرورت پر زور دیا ۔