محکمہ ایکسائز کو گھر کی دہلیز پر سہولیات دینے،سائلین کے مسائل میرٹ پر حل کرنے کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز سرکاری واجبات کی وصولی کا اہم ادارہ ہے ۔
جہاں سے حاصل ریونیو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے ، کوشش کی جائے کہ ایکسائز سہولیات عوام کے د ہلیز پر فراہم کی جائے جبکہ دفتر آنے والے سائلین کے تمام امور میرٹ پر نمٹائے جائیں وہ جمعہ کے روز ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمدمشتاق فریدی کی جانب سے دی بریفنگ اجلاس میں اظہار خیال کررہے تھے ۔کمشنر نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کی اسیسمنٹ حقائق کے مطابق ہونی چاہیے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری اداروں میں گڈ گورننس بنیادی ایجنڈا ہے ۔ سرکاری محکموں میں آنے والے سائلین کیلئے سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔ایجنٹ مافیا کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔کمشنر نے مزید کہا کہ صارفین کو اس امر کی ترغیب دی جائے کہ وہ دستک ایپ سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے گھر بیٹھے ایکسائز سروسز حاصل کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام الناس کے جائز کاموں میں رخنہ ڈ یا کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈائریکٹر ایکسائز نے بتایا کہ ادارے کو اس سال ایک ارب 41 کروڑ روپے کی ریکوری کا ہدف دیا گیا ،اب تک 46 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے ۔ ریونیو وصولی کے اعتبار سے ایکسائز سرگود ھا صوبے میں تیسرے نمبر پر ہے ۔