فلسطینیوں پر مظالم کیخلاف تنظیم اسلامی کا آبپارہ میں مظاہرہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کے زیراہتمام فلسطینی عوام پر جنگ بندی معاہدہ کے باوجود اسرائیلی افواج کی ننگی جارحیت کے خلاف آبپارہ چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین مسجد شہدا سے ہوتے ہوئے آبپارہ چوک پہنچے، تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کے امیر راجہ محمد اصغر نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینی عوام پر جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی طرف سے ننگی جارحیت انتہائی شرمناک ہے، اسلام آباد شمالی کے امیر اعجاز حسین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی سطح پر اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے مسلم دنیا کے نمائندہ کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ تنظیم اسلامی کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ برائے رابطہ و قانونی امور ڈاکٹر ضمیر اختر نے اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ ان سارے ممالک سے سفارتی تعلقات منقطع کریں جو اس وقت صیہونی ریاست کی پشت پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ ممبر و محراب سے آوازیں بلند کریں، انہوں نے پاکستانی عوام پر بھی زور دیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں بھر پور طریقے سے فلسطینی مسلمانوں کی مالی اور اخلاقی مدد کریں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔