بچوں کے دودھ پر عائد ٹیکس کم کرنے کیلئے کو شاں ، رانا تنویر حسین

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بچوں کے دودھ پر عائد ٹیکس کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیسلے کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران نیسلے کے وفد نے انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وفد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ بچوں کے دودھ پر عائد ٹیکسز کو کم سے کم کیا جائے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور جلد ہی خوش آئند پیش رفت متوقع ہے ۔ وفاقی وزیر نے نیسلے کے وفد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی مصنوعات میں پاکستان کے مقامی پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں تاکہ دیہی علاقوں کے کسانوں کو معاشی فائدہ پہنچے اور ملکی زرعی پیداوار کو فروغ ملے۔