ضلع راولپنڈی میں ہزاروں طلبہ سرکاری کتب سے محروم

راولپنڈی(خاور نواز راجہ)پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم تمام طلبا و طالبات کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے ہدایات کے باوجود راولپنڈی ضلع میں ہزاروں طلباوطالبات نصابی کتب سے محروم ہیں۔
متعدد سکولوں کی انتظامیہ طلبا و طالبات پر کتابیں خود خریدنے کا دباؤ ڈال رہی ہے جبکہ نئی داخلہ مہم کو بھی پذیرائی نہ مل سکی۔ راولپنڈی ضلع کے سرکاری سکولوں میں کتابوں کی فراہمی نہیں ہوسکی اور نرسری تا آٹھویں کے ہزاروں طلبا و طالبات دو ماہ سے کتابوں سے محروم ہیں۔ ان کتابوں اور کاپیوں کی قیمت کم ازکم 3سے 5ہزار روپے ہے۔ والدین کا کہنا ہے سکول انتظامیہ دکانوں سے کتابیں خریدنے کی ہدایت کر رہی ہے جبکہ ان کے اتنے وسائل نہیں اور ان پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن امان اللہ سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔