آر پی او کا مختلف تھانوں کا دورہ، ریکارڈ سمیت مختلف امور کا جائزہ

راولپنڈی (خبرنگار) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے تھانہ گوجرخان، تھانہ مندرہ، تھانہ روات اور تھانہ مورگاہ کا دورہ کیا۔
انہوں نے تھانوں کی بلڈنگ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ اور پولیس کی مختلف پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ریجنل پولیس آفیسر نے اس دوران متعلقہ افسروں کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہاکہ تھانہ کا ریکارڈ بروقت مکمل کیا جائے اور تھانہ میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے ان کی دادرسی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد یقینی ہو۔ انہوں نے مزید کہا مقدمات کی تفتیش میں تیزی اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔