غیر قانونی تعمیرات ، تجاوزات کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں : چیئر مین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کیخلاف کارروا ئیاں تیز کی جا ئیں۔۔۔
جس پر سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ونگ کی جانب سے اسلام آباد کی زمین کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد میں واقع ڈپلومیٹک انکلیو کے علاقے میں بھی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کا جلد آغاز کیا جارہا ہے ۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاؤ سنگ کی جانب سے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے نوٹسز جار کر دئیے گئے ہیں کہ متعلقہ افراد رضاکارانہ طور پر ازخود تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کردیں بصورت دیگر انکو مسمار کر دیاجا ئیگا، غیرقانونی قبضوں پر مبنی تمام پراپرٹیز کو بحق سرکار ضبط بھی کیا جاسکتا ہے ۔ چیئر مین سی ڈی اے نے تمام سٹیک ہولڈرز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں سی ڈی اے کا ساتھ دیں تاکہ دارالحکومت کو مناسب پلاننگ اور ماسٹر پلان کے مطابق ترقی دینے کے علاوہ شہریوں کو بہتر سے بہترسہولیات تواتر کے ساتھ فراہم کی جاسکیں، غیرقانونی تعمیرات نہ صرف شہر کے خوبصورت منظرنامے کو متاثر کرتی ہیں بلکہ بنیادی ڈھانچے اور عوامی مفاد کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔