سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے:چیئرمین سی ڈی اے

سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے:چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔۔۔

جس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فیض آباد انٹرچینج منصوبے کی توسیع کیلئے ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے اور جلد ہی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ 20مقامات میں سے 11مقامات پر ٹریفک کے مسائل حل کر لئے گئے ہیں۔ شہر کی خوبصورتی، اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ چیئرمین نے شاہین چوک انڈر پاس کیلئے ڈیزائن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مارگلہ روڈ، مری روڈ، فیصل ایونیو اور ڈپلومیٹک انکلیو میں مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں بین الاقوامی طرز کے شاپنگ سینٹر کے قیام کے حوالے سے ورکنگ کی جائے۔ ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی اور خارجی دروازوں پر جدید اور خوبصورت ڈیزائن بنائے جائیں جن کے ذ ریعے پاکستانی ثقافت و کلچر کو نمایاں کیا جاسکے۔ گندھارا سٹیزن سینٹر کو آپریشنل اور سپورٹس ایرنا کی اپ گریڈیشن کاکام تیز کیا جائے، سیکٹر سی چودہ اور سی پندرہ کے ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ دریں اثنا محمد علی رندھاوا نے سوشل سکیورٹی ادارہ کے زیراہتمام ہمک میں نئے میڈیکل سینٹر کا افتتاح کیا، میڈیکل سینٹر کیلئے اراضی معروف صنعتکار میاں محمد اشرف نے عطیہ کی جبکہ اس کی تعمیر، تزئین و آرائش کا کام محمد نعیم چودھری سرپرست اعلیٰ ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن نے مکمل کرایا۔ محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں مزید چار سوشل سکیورٹی میڈیکل سینٹرز کارپوریٹ سیکٹر کے اشتراک سے قائم کیے جائیں گے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں