محرم جلوس، ایس ایس پی آپریشنز کا روٹ پر سکیورٹی کا جائزہ

راولپنڈی (خبرنگار) راولپنڈی محرم الحرام کے حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے اس دوران افسروں کو ہدایات بھی دیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا محرم الحرام کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ادھر ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے آراے بازار کے علاقہ میں محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا وزٹ کیا، متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹ پر گلیاں اور راستے سیل کیے جائیں، جلوس میں سب کو واک تھرو گیٹ اور مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے۔ ایس پی راول حسیب راجہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے تھانہ بنی اور نیو ٹاؤن میں میٹنگز کا انعقاد کیا گیا جن میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ڈی ایف سیز اور امام بارگاہوں کے متولیوں اور بانیان جلوس نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تمام مجالس / جلوسوں کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ وقت پر راستوں گزارا جائے اور مقررہ وقت پر ختم کیا جائے۔