پاکستانی طلبا کی اے پی اے سی سولیوشن چیلنج میں عالمی سطح پر پذیرائی
اسلام آباد ( دنیا رپور ٹ )پاکستانی طلبا کی 2025 اے پی اے سی سولیوشن چیلنج میں عالمی سطح پر پذیرائی،منیلا میں پاکستانی طلبا کی 2 ٹیموں نے 2025 ایشیا پیسیفک (اے پی اے سی) سولیوشن چیلنج میں نمایاں اعزازات حاصل کر لیے۔۔۔
مقابلہ گوگل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، اسلام آباد کے انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی ٹیم جیو جیما کو مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پاکستانی ٹیم نے سیٹلائٹ امیجری اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے قدرتی آفات کی ابتدائی وارننگ الرٹس اور خطرے کا تجزیہ فراہم کرنے کا نظام متعارف کرایا ۔ پاکستانی ٹیم میں احمد اقبال، حنزلہ بن یونس، خلیل الرحمن اور عبداللہ آصف شامل تھے ۔نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی ٹیم نے بھی ٹاپ 10 فائنلسٹ ٹیموں میں جگہ بنائی ۔پاکستان کی سفیر برائے فلپائن ڈاکٹر عاصمہ ربانی نے دونوں ٹیموں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ،پاکستانی نوجوانوں کی جدت، عزم اور عالمی سطح پر پہچان پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے ۔پاکستانی نوجوان دنیا کے اہم ترین چیلنجز، جیسے قدرتی آفات سے بچاؤ اور علم تک رسائی کے میدان میں قابل عمل حل پیش کر رہے ہیں۔