سی ڈی اے کا سالڈویسٹ منیجمنٹ کو آؤٹ سورس کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا چودھواں اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے سال 2025 میں کمرشل پلاٹوں اور د کانوں کی شاندار نیلامی کے ذریعے 19.56ارب روپے کے 8 پلاٹس اور 4 دکانیں فروخت کیں ۔
سی ڈی اے کی پانچ سالہ فنانشل سٹیٹمنٹ کی تیاری کیلئے آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کیلئے چارٹرڈ فرمز نے بولی لگائی جن میں سے کے پی ایم جی تیکنیکی طور پر کوالیفائی کر گئی ، یہ فرم سی ڈی اے کے تمام اثاثوں کا تفصیلی جائزہ لے گی اور مالیاتی گورننس کے نظام کو بہتر بنائے گی۔چیئرمین نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو 6 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے ۔اجلاس میں اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو آؤٹ سورس کرنے کے نئے ٹینڈر کے عمل کی منظوری دے دی گئی۔ بورڈ نے نئے سرے سے قومی اور بین الاقوامی شہرت کی حامل فرموں سے نئے ٹینڈر طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام کو مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا جائے گا۔ اجلاس میں آر ڈبلیو ایم سی کے ساتھ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے معاہدے کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی اور سی ڈی اے کے واٹر چارجز کیش لیس نظام کے تحت وصول کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے سے نیدرلینڈز ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہیجو پروو کلویت نے ملاقات کی۔ انہوں نے غیرمعمولی بارشوں کے بعد نکاسی آب کے مسئلہ کو کامیابی سے حل کرنے ، محمد علی رندھاوا کے ذاتی طور پر نیدر لینڈز کے سفارت خانہ کا دورہ کرنے پر تعریف کی اور نیدرلینڈز کی جانب سے سمارٹ سٹی پلاننگ اور گرین ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اپنی مہارت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔