آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت ن لیگ بنائیگی، طارق فضل، غلام قادر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے کہا آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی، دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔
شرقی باغ سے سردار شاہد آفتاب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ ن لیگی کارکنان اتحاد اور یقین سے کام کریں۔ تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد اسماعیل، نورین عارف، راجہ محمد یاسین خان شریک ہوئے۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر دنیا کو حیران کر دیا، آپریشن بنیان المرصوص تاریخی کامیابی ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی دو ٹوک اور واضح ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ن لیگ کے سوا آزاد کشمیر میں کوئی جماعت حکومت بنانے کی اہل نہیں، آزاد ریاست جموں و کشمیر کی حیثیت کو ختم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ووٹ دینا سیاسی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ سینئر نائب صدر مشتاق منہاس نے کہا کہ 2016میں بڑے سیاسی لیڈروں کو شکست دی، ہمیں لوٹوں کی کوئی ضرورت نہیں۔