پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ، شزا فاطمہ
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ماتحت ادارے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے گزشتہ روز پاکستان کا 78واں یومِ آزادی بھرپور طریقے سے منا یا۔
جشن آزادی کی خصوصی تقریب میں حکومت، صنعت، سٹارٹ اپس اور اکیڈمیا کے حکام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا جنہوں نے ملک کے شاندار ترقیاتی سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا یہ دن معرکۂ حق کی یاد بھی تازہ کرتا ہے ، جب مئی میں پاکستان نے بھارت پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوںنے کہا قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ایک مضبوط، ترقی پسند اور خود کفیل پاکستان کے خواب کو پورا کیا ۔ پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے ، ملک کو اقتصادی، تکنیکی طور پر خود کفیل بنا نے کیلئے کو شاں ہیں ۔ اقوام متحدہ کے ای-گورنمنٹ ڈوویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی 14 درجے بہتر ہوئی اور پہلی مرتبہ ہائی ای جی ڈی آئی کیٹیگری میں آیا۔ نیشنل اے آئی پالیسی 2025 منظور ہو چکی ہے ، جو مصنوعی ذہانت میں، اخلاقی ترقی اور معیشت کو فروغ دے گی۔