الخدمت فاؤنڈیشن،غزہ میں 7ارب 90کروڑ خرچ:حفیظ الرحمن
جنگ کے دو سال مکمل ہونے پرفاؤنڈیشن کا اجلاس،غزہریلیف پر رپورٹ پیش۔
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) غزہ میں جنگ کے دو سال مکمل ہونے پر الخدمت فاؤنڈیشن کے دفتر میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کی اب تک غزہ ریلیف کے ضمن میں رپورٹ پیش کی گئی۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کیلئے دو سال سے مسلسل امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور اب تک 7ارب 90کروڑ غزہ ریلیف پر خرچ کر چکے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان، مصر، اردن، ترکی کے علاوہ غزہ کے اندر سے بھی امدادی آپریشن کئے گئے۔ پاکستان سے 28طیاروں اور 4بحری جہازوں کے ذریعے متاثرین کیلئے مجموعی طور پر 4ہزار 857ٹن امدادی سامان روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن نے غزہ میں یتیم بچوں کیلئے آرفن سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت 937یتیم بچوں کو ماہانہ تعلیم، خوراک اور طبی سہولیات کی مد میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔ مزیدبرآں الخدمت فاؤنڈیشن مصر میں مقیم 129غزہ متاثرہ خاندانوں کو بھی مالی مدد فراہم کر رہی ہے۔