بھلوال:پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاری منصوبوں کا جائزہ
بھلوال:پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاری منصوبوں کا جائزہ شاہد زمان لک نے حسین احمد رضا چودھری کے ہمراہ کیمپ آفس کا معائنہ کیا
سرگودھا،بھلوال (سٹاف رپورٹر،نمائندہ دنیا) شاہد زمان لک نے حسین احمد رضا چودھری کے ہمراہ بھلوال کا دورہ کیا، جہاں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وحید حسن گوندل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے دورے کے دوران جاری تعمیراتی کام، منصوبوں کی رفتار، معیار اور موقع پر قائم کیے گئے کیمپ آفس کا معائنہ کیا، جبکہ متعلقہ افسروں اور انجینئرز سے بریفنگ بھی لی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری اور سپیشل سیکرٹری پنجاب نے اسسٹنٹ کمشنر بھلوال وحید حسن گوندل کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، بروقت مانیٹرنگ اور فیلڈ میں متحرک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھلوال میں جاری ترقیاتی کام خوش آئند ہیں اور کیمپ آفس کے قیام سے منصوبوں کی نگرانی اور رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھلوال اور متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبوں کو اسی جذبے اور معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔