آنیوالوں کیلئے مشعل راہ اقدامات کررہے، چودھری سالک
ایسی نسل تیار کریں جو دنیا کا مقابلہ کرسکے ، پی بی ایف کالج میں خطاب
اسلام آباد (دنیارپورٹ ) وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ ہم اداروں میں اپنے دورِ اقتدار میں ایسے بے مثال اقداما ت کر رہے ہیں جو آنے والوں کیلئے مشعلِ راہ ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزPBFانٹرنیشنل کالج اسلام آباد میں اعزازات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد ، ڈائر یکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
چودھری سالک نے کہا کہ سمندرپار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت اپنے تمام اداروں میں ایسے بینچ مارک قائم کر رہی ہے جن کی آنے والے مثال پیش کریں گے ۔ انہوں نے ورکرز ویلفیئر فنڈ اور سیکرٹری فنڈ کو تعلیم کے فروغ اور محنت کشوں کے بچوں کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں ایسی نوجوان نسل تیار کریں جو دنیا کا ہر میدان میں مقابلہ کرسکے ۔قبل ازیں انہوں نے کالج میں پودا بھی لگایا۔