شکر پڑیاں میں رنگارنگ لوک میلہ شروع، سٹالز سج گئے
وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات شازیہ رضوان کی شرکت
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹر،نیوز رپورٹر ) لوک ورثہ کے زیر اہتمام دس روزہ فوک فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز جمعہ کو لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹرمیں ہو ا، وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی مہمان خصوصی تھے ۔ لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد وقاص سلیم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا- مہمانِ خصوصی نے گلگت بلتستان سے ماہردستکارغلام حیدر اور بانو رحمت جو کشمیر کی مشہور لوک گلوگارہ ہیں کو چادر اور پگڑی پہنائی۔ انٹری ٹکٹ200 روپے جبکہ طلبا طالبات کیلئے 100 روپے فی کس ہے ۔دریں اثنا پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں جاری سالانہ لوک میلے میں شرکت کی جہاں رنگا رنگ موسیقی، رقص، ہنر مندی کے سٹالز سجائے گئے ہیں ، شازیہ رضوان نے پنجاب کے سٹال کا دورہ کیا اور وہاں موجود ہنرمندوں اور فنکاروں سے ملاقات کی۔