مودی سرکار کے مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزی،غلام محمد صفی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری وسیع پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیوں، گھر گھر تلاشیوں۔۔۔
رات گئے محاصروں اور چادر و چار دیواری کی بے حرمتی کے مسلسل واقعات کو انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں نہ صرف کشمیری عوام کو خوف اور دہشت میں مبتلا کرنے کی کھلی کوشش ہے بلکہ عالمی انسانی حقوق، جنیوا کنونشنز اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاروق رحمانی، الطاف وانی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ غلام محمد صفی کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کو یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں امن ہے، مگر یہ چھاپے، یہ مسلسل عسکری کریک ڈاؤن اور یہ وحشیانہ محاصرے دنیا کو یہ حقیقت بتا رہے ہیں کہ کشمیر ایک ایسی محصور وادی بن چکی ہے جسے دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کشمیری عوام پر ہر دور میں جبر آزمایا گیا، مگر ان کی جدوجہد آج بھی اتنی ہی توانا ہے جتنی پہلے دن تھی۔ کشمیر کے لوگ آج بھی اسی پختہ یقین کے ساتھ کھڑے ہیں کہ آزادی ان کا مقدر ہے اور وہ ایک دن ضرور حاصل ہو کر رہے گی۔