وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے افسروں کی میرپور میں کھلی کچہری
سرکاری اداروں کو شکایات کے ازالہ کیلئے مو قع پر احکامات جاری کیے
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشفاق احمد اور کنسلٹنٹ خالد سیال نے گزشتہ روز میرپور آزاد کشمیر میں کھلی کچہری کے دوران وفاقی اداروں کے خلاف شکایات سنیں اور متعلقہ اداروں کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ایک شکایت گزار کو فوری طور پر امدادی رقم دلوا دی جبکہ ایک شہری کی ضبط شدہ موٹرسائیکل، موبائل فون اور مبلغ 9000روپے فوری طور پر واپس کرنے کا حکم دیا۔ کھلی کچہری میں شکایت کنندگان، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی اوراو پی ایف، پاسپورٹ آفس، سوئی گیس، پوسٹل لائف انشورنس اور سٹیٹ لائف انشورنس کے خلاف شکایات کیں۔
وفاقی محتسب کے افسران نے سرکاری اداروں کو شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔