اسلام آباد:دھواں چھوڑنے والی درجنوں گاڑیاں تھانے منتقل
گزشتہ 24گھنٹوں میں 334گاڑیوں کو کلیئرنس سٹیکرز جاری کیے گئے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے پوائنٹس فعال کر دیئے گئے ہیں۔ 334گاڑیاں گزشتہ 24گھنٹوں میں کلیئر کی گئیں اور گزشتہ چار روز کے دوران 1,563گاڑیوں کی ایمیشن جانچ مکمل کی گئی اور انہیں کلیئرنس سٹیکرز جاری کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والی درجنوں گاڑیوں کو تھانے منتقل کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی سفارش یا رعایت کی گنجائش نہیں ہے۔