21ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی 4تا 8فروری منعقد ہوگی
تیاری کیلئے ٹی ڈی سی پی، پی ٹی ڈی سی کا مشترکہ ٹورازم آؤٹ ریچ پروگرام منعقد
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے 21ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی 2026کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ روز اسلام آباد میں ٹورازم آؤٹ ریچ پروگرام کا مشترکہ انعقاد کیا۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی 4سے 8فروری 2026تک بہاولپور کے چولستان صحرا میں منعقد ہوگی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے ان اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی پاکستان کی ایڈونچر ٹورازم، ثقافتی شناخت اور ملک کے مثبت تاثر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ٹی ڈی سی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا نے کہا ہم ان مواقع کو قومی و بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے چولستان ریلی کے انعقاد میں ٹی ڈی سی پی کی قیادت کو سراہا۔