آئی جی کی کھلی کچہری، شہریوں، پولیس افسروں کے مسائل سنے
موقع پر احکامات جاری، درخواستوں پر فوری عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس علی ناصر رضوی نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، میں شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، آئی جی نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر اور فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے، کسی بھی شہری کو پولیس کے متعلق کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو وہ کھلی کچہری میں آسکتا ہے، میرے دروازے ہمیشہ اپنے شہریوں کیلئے کھلے ہیں، آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات پرمتعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ ٹائم فریم میں درخواستوں کو میرٹ پر حل کر کے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں، آئی جی نے تمام ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ کئے گئے ٹائم کی پابندی کریں اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ ادھر آئی جی کی زیر صدارت سیف سٹی میں اجلاس ہوا، شہریوں کی سہولت میں اضافے، ٹریفک کے دیرینہ مسائل کے حل اور شہر بھر میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، اے آئی پر مبنی کیمرہ سسٹمز کو مزید فعال بنایا جائے۔