عوامی تحفظ کیلئے سائبر کرائم ونگ کارکردگی بہتربنائے :سیدال خان
سوشل میڈیا پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا تشویشناک :ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سائبرکرائم ونگ مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کررہا:ڈی جی
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر جنرل سید خرم علی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، ڈائریکٹر جنرل نے سائبر کرائم ونگ کے امور، کارکردگی اور چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم ونگ عوامی شکایات براہِ راست وصول کرنے والا واحد قومی ادارہ ہے ،جدید ٹیکنالوجی سے لیس سی سی ڈبلیو سائبر مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ سائبر کرائم ونگ کی خدمات کو خراجِ تحسین کرتا ہوں ،سوشل میڈیا پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا تشویشناک ہے ،سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے قومی شخصیات اور ملک کی ساکھ متاثر ہوتی ہے ، سیدال خان نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے مؤثر حکمت عملی ناگزیر،غلط معلومات کے تدارک میں سائبر کرائم ونگ کا کردار کلیدی ہے ،ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ کارکردگی مزید بہتر بنا کر عوامی تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔