سی ڈی اے :افسر کی فائلیں جبری منظور کرانے پر پٹواریوں کا احتجاج

سی ڈی اے :افسر کی فائلیں جبری منظور کرانے پر پٹواریوں کا احتجاج

خلاف ضابطہ کام سے انکار پرڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ غصے میں آ گئے ، شوکاز نوٹس جاری کردیا افسران نے قرعہ اندازی سے قبل ہی پلاٹوں کی نشاندہی کروا کر رقوم وصول کر لیں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے کے زیر انتظام سیکٹرز ڈی 13 اور ای 13 کی مجوزہ ای بیلٹنگ میں ضلعی انتظامیہ کے ایک بااثر افسر کی فائلیں جبری طور پر منظور کرانے کے خلاف ریونیو افسران نے احتجاج کیا جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے پٹواریوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات سی ڈی اے نے اپنے ماتحت ریونیو افسران اور تمام عملے کی میٹنگ طلب کی اور انہیں ضلعی انتظامیہ کے اعلٰی افسر کی فائلیں خلاف ضابطہ منظور کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی ہدایت کی جس پر ریونیو افسران اور عملے نے احتجاجاً میٹنگ کا بائیکاٹ کیا اور خلاف ضابطہ کام کرنے سے انکار کر دیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے غصے میں آ کر پٹواریوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ ای بیلٹنگ مبینہ طور پر پول ہو چکی ہے جسے سی ڈی اے افسران نے قرعہ اندازی سے قبل ہی پلاٹوں کی نشاندہی کروا کر لوگوں سے رقوم وصول کر لی ہیں۔ پول بیلٹنگ میں مین روڈ کے پلاٹ کے لیے 15 لاکھ، 70 فٹ روڈ کے پلاٹ کے لیے 10 لاکھ اور عام پلاٹ کے لیے 6 لاکھ روپے فی پلاٹ وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔سی ڈی اے یہ بیلٹنگ پیر 22 دسمبر کو کرنے جا رہا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں