چائلڈ لیبر ،راولپنڈی میں آپریشن کا آغاز ، مقدمات درج

چائلڈ لیبر ،راولپنڈی میں آپریشن کا آغاز ، مقدمات درج

کھنہ پل اور گردونواح میں مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کا معائنہ ،خلاف ورزیوں کا انکشاف

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)محکمہ محنت و انسانی وسائل حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر راولپنڈی نے چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے کھنہ پل اور اس کے گردونواح میں واقع مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کا معائنہ کیا۔ متعدد ایسے صنعتی و تجارتی ادارے سامنے آئے جہاں 15 سال سے کم عمر بچے کام کرتے ہوئے پائے گئے جو کہ چائلڈ لیبر قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق متعلقہ اداروں کے مالکان کے خلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی اور متعلقہ پولیس سٹیشنز میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں، ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر غلام شبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر بچوں سے مشقت لینا ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں