پنجاب فوڈا تھارٹی کی کارروائی ،300کلو مضر صحت گوشت تلف
کارروائی چکری انٹرچینج کے قریب کی گئی ، گاڑی ضبط ،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)راولپنڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مضرِ صحت گوشت کے استعمال سے بچا لیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے علی الصبح چکری انٹر چینج کے قریب ناکہ بندی کر کے گوشت سے بھری ایک مشکوک گاڑی کو روک لیا، جس میں سے 300 کلو گرام ناقص، بدبودار اور غیر معیاری گوشت برآمد ہوا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق گوشت کو انتہائی غیر محفوظ طریقے سے گاڑی میں چھپا کر شہر منتقل کیا جا رہا تھا، موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد اسے انسانی صحت کے لیے خطرناک اور ناقابلِ استعمال قرار دیا جس پر گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران پولیس نے متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لے لیا جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔