وفاقی وزیر سے کرغزستان کے سفیر کی ملاقات ،تعلقات پر تبادلہ خیال
معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عزت ملی ،اورنگزیب کھچی ،اردن میں پاکستانی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جمہوریہ کرغزستان کے پاکستان میں سفیرکیلیچ بیک سلطان نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات کی، دوطرفہ ثقافتی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نوروز کی تقریبات منعقد کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے ، جن میں کرغزستان سمیت پاکستان سے سفارتی تعلقات رکھنے والے مختلف ممالک کو مدعو کیا جائے گا۔کرغز سفیر نے کہا کہ وہ اپنی حکومت سے رابطہ کر کے رواں ماہ کے اختتام تک شرکت کی تصدیق فراہم کریں گے تاکہ انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرغز وفد لاہور جانے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیر سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز نے ملاقات کی۔ پاکستان اور اردن کے مابین دوطرفہ سفارتی اور ثقافتی تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے اور دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔