اسلام آباد غیر قانونی اشتہاری سائن بورڈ کیخلاف آپریشن شروع، مقدمات درج
کمرشل ایریاز، رہائشی علاقوں کی دیواروں سے اشتہارات ہٹانے کی مہم تیز،کھمبوں پر لگے اشتہاری مواد کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنیکا فیصلہ متعلقہ اداروں کی اجازت کے بغیر تشہیر کرنیوالے افراد، گروہوں کیخلاف کارروائی کا آغاز، تاجروں کو اعتماد میں لینگے، چیف آفیسر ایم سی آئی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو غیر قانونی اشتہاری بورڈز اور سائن بورڈز سے پاک کرنے کیلئے جامع کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر بھر میں غیر قانونی طور پر اشتہارات، سائن بورڈز اور دیواروں پر آویزاں اشتہارات کے خلاف بڑے پیمانے پر صفائی مہم جاری ہے۔ مہم کے تحت نہ صرف کمرشل ایریاز و مراکز بلکہ رہائشی علاقوں کی دیواروں سے غیر قانونی اشتہارات ہٹائے جارہے ہیں۔
بلکہ سڑکوں کے کنارے بے جا سائن بورڈز اور کھمبوں پر لگے اشتہاری مواد کو بھی مستقل بنیادوں پر ختم کیا جا رہا ہے۔ چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ غیر قانونی اشتہارات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ متعلقہ اداروں کی بغیر اجازت تشہیر کرنے والے افراد و گروہوں کے خلاف ایف آئی آر اندراج کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اس ضمن میں تمام ٹریڈ یونین اور تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔