ایف جی ای ایچ اے منصوبوں میں تاخیر‘ سینیٹ کمیٹی کے تحفظات

 ایف جی ای ایچ اے منصوبوں میں تاخیر‘ سینیٹ کمیٹی کے تحفظات

جاری منصوبے مکمل کئے بغیر کوئی نیا منصوبہ نہیں شروع کیا جائیگا ، سیکرٹری ہائوسنگ پاکPWDکے 253ضم ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر کمیٹی برہم، رپورٹ طلب

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں ہوا، اجلاس میں(FGEHA)منصوبوں میں تاخیر پر سینیٹ کمیٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا جس پر سیکرٹری ہائوسنگ نے یقین دہانی کرائی کہ جاری منصوبوں کی تکمیل سے قبل کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحلیل ہونے کے بعد مختلف سرکاری اداروں میں بھیجے گئے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 253 ضم شدہ ملازمین کو جولائی 2025 سے تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس سے وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے آگاہ کیا کہ 89 فیصد ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں جبکہ با قیوں کیلئے اضافی بجٹ درکار ہے ۔ فنانس ڈویژن نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے تاحال اضافی فنڈز کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔کمیٹی کو ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی جانب سے سرکاری رہائش گاہیں خالی نہ کرنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ چار رہائش گاہیں خالی کرا لی گئی ہیں جبکہ باقی پر کارروائی جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں