پاکستان و آسٹریلیاکا زراعت ‘ لائیو سٹاک میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
آسٹریلیا کو آموں کی برآمدات میں اضافہ کرنے کے خواہاں ہیں ، وزیر خوراک پاکستان کو تکنیکی تبادلوں، تربیت کے مواقع فراہم کرینگے ، آسٹریلوی ہا ئی کمشنر
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویرحسین نے کہاہے کہ حکومت نے جانوروں میں منہ کھر بیماری کے تدارک کے لیے دو سال کے لیے 7.35 ارب روپے مختص کیے ہیں ،بیماری پر قابو پانے کے لیے روس اور چین سے ویکسین درآمد کی جا رہی ہیں۔جمعرات کو ان خیالات کااظہارانہوں نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ٹموتھی کین کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران زرعی و لائیو سٹاک پیداوار میں اضافے ، مارکیٹ تک رسائی، بائیو سکیورٹی کے امور اور تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ۔ وفاقی وزیر نے زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے آسٹریلیا کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا پاکستان آسٹریلیا کو آموں کی برآمدات میں اضافہ کرنا چاہتا ہے ۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی زرخیز زمین اور زرعی صلاحیت کو سراہا اور کہا پاکستانی حکام کو تکنیکی تبادلوں اور تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر نے کہا بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کے لیے نئی نسلوں، سرٹیفائیڈ سلاٹر ہاؤسز اور ویلیو ایڈیشن ناگزیر ہیں۔ دوران اجلاس فریقین نے زرعی اور لائیو سٹاک شعبوں میں تکنیکی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔