موسمیاتی تبدیلی کا بوجھ عالمی جنوب کے ممالک پر پڑ رہا ،مصدق ملک

 موسمیاتی تبدیلی کا بوجھ عالمی جنوب کے ممالک پر پڑ رہا ،مصدق ملک

وفاقی وزیر سے ڈنمار ک کے سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر ماجا مورٹینسن نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ موجودہ عالمی سیاسی تناظر میں سائنسی سفارت کاری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور موسمیاتی اقدامات اور سائنسی سفارت کاری کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کا غیر متناسب بوجھ عالمی جنوب کے ممالک پر پڑ رہا ہے ، حالانکہ عالمی اخراج میں ان کا حصہ نسبتاً کم ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے تقریباً 70 فیصد اخراج کے ذمہ دار صرف دس ممالک ہیں، جبکہ عالمی سطح پر دستیاب تقریباً 85 فیصد گرین فنانسنگ بھی انہی ممالک کو حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے نارتھک ممالک کے مضبوط سماجی فلاحی ماڈلز اور ترقی پسند ماحولیاتی اقدار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے ڈنمارک کی سفیر کو پاکستان میں ایک گرین یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں